آندھرا پردیش میں سیکورٹی فورسز کو ایک اور بڑی کامیابی، 31 ماؤنواز گرفتار

تاثیر 18 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

وجے واڑہ/رمپاچھوڑاورم، 18 نومبر: آندھرا پردیش میں ماؤنوازوں کے خلاف شکنجہ کسنے کے دوران سیکورٹی فورسز نے منگل کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی۔ سیکورٹی فورسز نے صبح ایک انکاونٹر میں چھ ماؤنواز مار گرائے ۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد، سیکورٹی فورسز نے ریاست میں کئی مقامات پر چھاپے مارکر 31 ماؤنوازوں کو گرفتار کیا۔ ان تمام سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
آندھرا پردیش کے اے ڈی جی انٹیلی جنس مہیش چندر لڈھا نے الوری سیتاراماراجو ضلع کے ایس پی امت بردار کے ساتھ صحافیوں کو انکاونٹر اور گرفتاری کی مکمل تفصیلات بتائیں۔ لڈھا نے کہا کہ منگل کی صبح 6.30 سے 7.00 بجے کے درمیان الوری سیتاراماراجو ضلع کے ماریدوملی جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ماونوازوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس انکاونٹر میں چھ ماؤنواز مارے گئے۔ لدھا نے کہا کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پرگزشتہ دو دنوں سے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی جا رہی تھی۔ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماونوازوں سے مختلف قسم کے ہتھیار ضبط کئے گئے ہیں۔