تاثیر 22 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گرڈیہ، 22نومبر گرڈیہ ضلع کے بگودر تھانہ علاقے میں ہفتے کی صبح فٹ پاتھ کی تین دکانوں میں زبردست آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ بگودر مارکیٹ میں پرانی جی ٹی روڈ پر ٹاؤن ہال کے قریب پیش آیا۔ اس واقعہ میں تین دکانیں اور ان میں رکھا تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق آگ کپڑے اور پھلوں کی دکان میں لگی۔آگ لگتے ہی عوام میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس انتظامیہ کو واقعہ کی اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ کو بھی اطلاع دی گئی، ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔
اس سلسلے میں بگودر تھانہ انچارج ونے کمار یادو نے بتایا کہ آگ پر پوری طرح قابو پالیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ شبہ ہے کہ یہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا ہے۔غور طلب ہے کہ پچھلے سال بھی بگودر مارکیٹ میں آگ لگ گئی تھی جس سے فٹ پاتھ پر واقع نو دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔

