تاثیر 22 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،22نومبر:امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا ہے کہ انہوں نے نیویارک سٹی کے منتخب میئر زہران ممدانی کے ساتھ ”انتہائی نتیجہ خیز ملاقات“ کی ہے اور وہ ممدانی کی حمایت کرتے ہیں۔ وائٹ ہاو¿س کے اوول آفس میں ٹرمپ نے کہا کہ ”ہماری ابھی بہترین اور بہت ہی مفید ملاقات ہوئی ہے۔ ہمارے درمیان ایک قدر مشترک ہے کہ ہم اپنے اس شہر کو جس سے ہم محبت کرتے ہیں، ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں“۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”جتنی اچھی کارکردگی دکھائیں گے میں اتنا خوش ہوں گا۔ ہم سب کے خواب کو پورا کرنے میں ان کی مدد کریں گے“۔ ٹرمپ نے کہا کہ ”میں نیویارک میں رہنے کو محفوظ سمجھوں گا اور ممدانی ہی اس کے میئر ہیں“۔
امریکی صدر نے زہران ممدانی کو ”انتہائی دانش مند“ شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نیویارک سے محبت کرتے ہیں اور ”وہ انتہا پسند نہیں ہیں“۔انہوں نے واضح کیا کہ میں نے اس موضوع پر بحث نہیں کی کہ آیا نیویارک سٹی کا میئر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کو نیویارک آنے کی صورت میں گرفتار کرے گا یا نہیں۔دوسری جانب ممدانی نے کہا کہ ”صدر کے بارے میں مجھے جس بات کی سب سے زیادہ قدر ہے وہ یہ کہ ہماری ملاقات اختلافات پر مرکوز نہیں تھی حالانکہ وہ بہت زیادہ ہیں، بلکہ اس مشترکہ مقصد پر تھی جو ہمیں نیویارک کے شہریوں کی خدمت میں متحد کرتا ہے“۔اس سے قبل جمعہ ہی کو ٹرمپ نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اور ظہران ممدانی ”بہت اچھی طرح ایک ساتھ چلیں گے“ باوجود اس کے کہ ان کی سیاسی سوچیں ”مختلف“ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ”میں اور ممدانی طرزِعمل میں مختلف ہیں مگر ہمارے مقاصد ایک ہیں اور وہ ہے نیویارک کو زیادہ مضبوط بنانا“۔

