تاثیر 23 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 23 نومبر:بہار میں محکمہ آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری نے اتوار کے روز چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر محکمہ کے پرنسپل سکریٹری سنتوش کمار مال اور سینئرافسران نے ان کا روایتی استقبال کیا۔
چارج سنبھالنے کے بعد آبی وسائل کے وزیر نے پرنسپل سکریٹری اور سینئرافسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس دوران انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ محکمے کی اولین ترجیح موجودہ نظام کو مضبوط بنانا اور پہلے سے نافذا اسکیموں کی مکمل تاثیر کو یقینی بنانا ہے۔
وجے چودھری نے کہا کہ محکمہ کے کام کرنے کے انداز میں65:35 کا تناسب یقینی بنایا جانا چاہئے، یعنی 35-40 فیصد توجہ نئے اقدامات اور اختراعات پر مرکوز ہونی چاہئے، اور 65 فیصد توانائی بنیادی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور موجودہ اسکیموں کو اچھی طرح سے بہتر بنانے کے لئے وقف ہونی چاہئے۔
وزیر نے کہا کہ ربیع کی فصل کا موسم قریب آنے کے ساتھ، یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ آبپاشی کی صلاحیت کو بڑھایا جائے اور پانی نہر کے آخری میل تک بلا تعطل پہنچ جائے، تاکہ ہر کسان کو بھرپور فائدہ پہنچے۔ انہوں نے سیلاب کے انتظام پر بھی زور دیا، یہ بتاتے ہوئے کہ پہلے سے تعمیر شدہ پشتوں کو مضبوط کرنا اور علاقے کی حفاظت کے لیے ان کی کوریج کو بڑھانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

