روہتاس ضلع کو تبدیل کریگی سیاحت کی صنعت،اسکی شناخت سے فراہم ہونگے روزگار

تاثیر 24 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

            سہسرام ( انجم ایڈووکیٹ ) سیاحت ایک ایسی صنعت ہے جو روزگار اور ترقی کے بے پناہ امکانات فراہم کرتی ہے، اس کے مقامی معیشت، بنیادی ڈھانچے اور سماجی و ثقافتی پہلوؤں پر بہت سے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ روہتاس ضلع میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کی کوشش کی جائیگی، محکمہ صنعت نے اس کے لئے ایک بلیو پرنٹ تیار کر حکومت کو منظوری کے لئے پیش کر دیا ہے، اس تجویز میں ایک درجن سے زیادہ ورثہ کی جگہوں کو ترقی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جنمیں روہتاس گڑھ قلعہ، شیر شاہ کا مقبرہ، اندر پوری بیراج، توتلا بھوانی، گپتادھام، درگاوتی ریزروائر، تاراچندی دھام، شہنشاہ اشوک شیلالیکھ جدیدکاری، پائلٹ بابا دھام، اور مانجھر کنڈ شامل ہیں ۔ حکومت کو سیاحت کے بارے میں انتظامیہ کی رپورٹ میں قیام کے گھروں، ریستورنٹوں اور دیگر سیاحتی سہولیات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، اس سے سیاحوں کو جدید ترین سہولیات اور ضلع کے لوگوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع میسر ہونگے ۔ یہ علاقہ ہوٹلوں، ریسٹورنٹ اور سفری سہولیات کے لئے سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے ۔ ہوم اسٹے، گائیڈ سروسز اور سیاحتی مقامات کے قریب کھانے پینے کے مقامی کاروبار خواتین اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کر سکتے ہیں ۔ ضلع کی طرف سے بھیجی گئی تجویز کو منگل کو دہلی میں مرکزی وزیر صنعت کے ساتھ ریاست کے محکمانہ وزیر کی میٹنگ میں منظور ہونے کی امید بھی ہے ۔ روہتاس ضلع کے لوگوں کو ریاست میں نئی ​​حکومت سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ۔ سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے سہسرام ​​بلاک کے کیمور پہاڑیوں میں گوریا گاؤں کے قریب ایک قیام گاہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے فنڈز بھی مختص کیے گئے ہیں۔ قیام گھر سیاحوں کے لئے رہائش فراہم کیا جائیگا جس سے آس پاس رہنے والے لوگوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم ہونگے ۔ تین سال قبل نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت وزارت تعلیم اور محکمہ سیاحت نے سہسرام ​​کو ملک کے 100 سیاحتی شہروں میں شامل کیا تھا، اس کے ساتھ ہی ضلع کے دو بڑے وراثتی مقامات، شیر شاہ کا مقبرہ اور قلعہ روہتاس گڑھ کو سودیش بھارت درشن یوجنا میں شامل کرکے اسکی ترقی کرائی جارہی ہے ۔ درگاوتی ریزروائر میں سیاحوں اور زائرین کو بوٹ ہاؤس کی سہولت مل رہی ہے، جبکہ اندر پوری بیراج کے قریب ٹورسٹ مارکیٹ کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے، توتلا بھوانی دھام کو بھی ایکو ٹورازم کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے ۔ روہتاس ضلع میں بادل گڑھ کے قریب واقع درگاوتی ریزروائر کرمچٹ ڈیم کو دگ جھیل کی طرز پر تیار کیا جائیگا، اس کا اعلان مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی انتخابی مہم کے دوران کیا ہے، یہاں بڑے پیمانے پر ریسٹورنٹ اور ہوٹل قائم ہونگے اور لوگوں کو روزگار بھی ملیگا، اسکے علاوہ ضلعی انتظامیہ نے حسن خان سوری کے مقبرے کو، آنجہانی شہید بابو نشان سنگھ کی شہادت کی جگہ، علاول خان کا مقبرہ، سلیم شاہ کا مقبرہ، چاچا پھگومل گرودوارہ، دینارہ کے بھلونی میں واقع ما یکشنی دھام، گپتادھام، گنیش سنٹرس کے مانجھر کنڈ علاقہ میں واقع گنیش مندر کو ترقی دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔