اے ایم یو فیکلٹی ممبر نے آر اے ایف بٹالین میں خواتین کی صحت سے متعلق آگہی پروگرام منعقد کیا

تاثیر 25 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 25 نومبر: اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ نسواں و قبالت کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فہمیدہ زینت نے رام گھاٹ روڈ، علی گڑھ پر واقع ریپڈ ایکشن فورس کی 104 بٹالین میں خواتین کی صحت سے متعلق آگہی پروگرام اورمفت کنسلٹیشن کیمپ منعقد کیا، جس کا اہتمام پروجیکٹ امید ویلفیئر فاؤنڈیشن اور سوچ این جی او کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر زینت نے خواتین کی صحت کے اہم مسائل اور یونانی طریقہ علاج میں جامع و ہمہ جہت اصولوں پر لیکچر دیا۔ انہوں نے تولیدی صحت، اسٹریس مینجمنٹ، طرزِ زندگی سے جڑے امراض اور علاج بالغذا و علاج بالتدبیر کے ذریعے احتیاطی نگہداشت پر گفتگو کی۔ انہوں نے خاتون سیکیورٹی اہلکاروں سے متعلق عملی مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور باقاعدہ صحت نگرانی اور متوازن معمولات اپنانے کی ترغیب دی۔
پروگرام میں مفت میڈیکل کنسلٹیشن کیمپ بھی شامل تھا، جہاں ڈاکٹر زینت کے ساتھ جونیئر ریزیڈنٹس ڈاکٹر برجیس، ڈاکٹر رافعہ، ڈاکٹر مدحت، ڈاکٹر روزی، ڈاکٹر حنا اور ڈاکٹر زینب نے کلینیکل اسکریننگ، مشاورت اور ادویات کی تقسیم کے فرائض انجام دیے۔