اے ایم یو ملاپورم سنٹر میں یومِ آئین کے موقع پر فی البدیہہ تقریری مقابلہ منعقد

تاثیر 25 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 25 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر ، ملاپورم کے شعبہ قانون کے لیگل ایڈ سیل نے موٹ کورٹ ہال میں یومِ آئین کے موقع پر فی البدیہہ تقریری مقابلے کا انعقاد کیا۔
لیگل ایڈ سیل کے ٹیچر اِنچارج ڈاکٹر عظمت علی نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے یومِ آئین کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کا افتتاح ڈائریکٹر اِنچارج اور لیگل ایڈ سیل کی چیئرپرسن ڈاکٹر نسیمہ پی کے نے کیا، جنہوں نے آئین کے وژن اور اس کی افادیت پر خطاب کیا۔ مقابلے کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شیلی وکٹر تھیں۔
کورس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شاہنواز احمد ملک نے صدارتی خطاب میں آئینی آگہی کی ضرورت اور اس حوالے سے علمی اداروں کے کردار کو اجاگر کیا۔ مقابلے سے قبل علیشا عظیم نے شرکاء کو قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا۔
تقریری مقابلے کے ججوں کے پینل میں ڈاکٹر محمد رازی، ڈاکٹر سبینہ پی ایس اور غالب نشتر شامل تھے۔ مقابلے کی نظامت حنافاطمہ نے کی۔ شرکاء نے انصاف، مساوات، نوجوانوں کی جمہوریت میں شرکت، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی خدمات، مالی احتساب، سیکولرزم اور صنفی مساوات جیسے عنوانات پر مدلل اور پُراعتماد مکالمے پیش کیے۔ آخر میں لیگل ایڈ سیل کی سینئر ایگزیکیٹو کونسل ممبر طوبیٰ خان نے اظہارِ تشکر کیا۔