جے این ایم سی میں عالمی اینٹی مائیکروبیئل آگہی ہفتہ کا اہتمام

تاثیر 25 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 25 نومبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ورلڈ اینٹی مائیکروبیئل آگہی ہفتہ مختلف علمی اور انٹرایکٹیوسرگرمیوں کے ساتھ منایا گیا، جن کا اہتمام ہاسپٹل انفیکشن سوسائٹی آف انڈیا، علی گڑھ چیپٹر نے ہاسپٹل انفیکشن کنٹرول کمیٹی ، امریکن سوسائٹی فار مائیکروبایولوجی اور دیگر اداروں کے تعاون سے کیا۔
ہفتے کا آغاز پروفیسر فاطمہ خان کے آن لائن سیشن سے ہوا، جو میڈیکل کالج، امیٹھی کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے تھا۔ انہوں نے اینٹی مائیکروبیئل اسٹیورڈشپ، عالمی اے ایم آر چیلنجز اور تحقیق کو مضبوط بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان پر تعاون پر زور دیا۔
فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے طبی عمل میں اینٹی مائیکروبیئل آگہی کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ پرنسپل و سی ایم ایس پروفیسر امجد علی رضوی نے سرجیکل کیئر کے تناظر میں آئسولیشن پروٹوکولز اور معقول اینٹی مائیکروبیئل اسٹیورڈشپ پر روشنی ڈالی۔
انڈر گریجویٹ طلبہ کے لئے ایک سی ایم ای منعقد کی گئی جس میں ڈاکٹر سراج احمد نے بنیادی اینٹی مائیکروبیئل تصورات، ٹی بی کنٹرول حکمتِ عملیوں اور امتحانی نقطہ نظر سے مسائل کے سمجھنے پر مبنی جامع لیکچر دیا۔ اس کے بعد پروفیسر فاطمہ خان کی جانب سے اینٹی مائیکروبیئلز اور انفیکشن کنٹرول پر انٹرایکٹیو کوئز ہوا، جس میں طلبہ نے حصہ لیا اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
ہفتے کا اختتام تیسرے سالانہ انٹرڈپارٹمنٹل فیکلٹی کوئز’’کون بنے گا انفیکشن کنٹرول پتی‘‘ کے ساتھ ہوا۔ اس میں شعبہ تپ دق و امراض تنفس کی ٹیم (ڈاکٹر نفیس احمد خان اور ڈاکٹر شہزاد انور) نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ فزیالوجی شعبہ نے رنر اپ اور آپتھالمولوجی شعبہ نے سیکنڈ رنر اپ کا مقام حاصل کیا۔ پروفیسر عادل رضا، چیئرمین، شعبہ مائیکروبایولوجی نے انعامات تقسیم کیے، اور ڈاکٹر شارق احمد نے شکریہ ادا کیا۔