وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کابینہ وزراء کے ہمراہ ضیاءالعلوم کی پچاسویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی

تاثیر 26 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں، 26 نومبر : جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج اپنے تمام کابینہ وزراء کے ہمراہ ضلع پونچھ کی معروف علمی درسگاہ جامعہ ضیاءالعلوم کی پچاسویں سالگرہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جامعہ ضیاءالعلوم سے ان کا ایک دیرینہ اور مضبوط تعلق رہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے طلبا و طالبات کی جانب سے پیش کیے گئے بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور بھائی چارے پر مبنی پروگراموں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کا ماحول دیکھ کر ان کے دل کو بے حد مسرت ہوئی۔ میں اُن تمام لوگوں کو دعوت دیتا ہوں جو مذہب کی آڑ میں تعلیم کو استعمال کر کے ہندومسلم بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ یہاں آکر دیکھیں کہ کس طرح ہندو، مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگ ایک ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
عمر عبداللہ نے جامعہ کے بانی مولانا غلام قادر صاحب کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس تعلیمی سفر کا آغاز پانچ دہائیاں قبل ہوا تھا وہ آج ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور مستقبل میں بھی اسی رفتار سے آگے بڑھے گا۔