تاثیر 28 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 28 نومبر: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اپنے چھوٹے بیٹے ڈاکٹر ابھیمنیو کی شادی 30 نومبر کو اجتماعی شادی تقریب میں کرنے جا رہے ہیں۔ اجین میں جمعہ کو شادی کی تقریب کی شروعات ہوئی۔ پہلے دن ماتا پوجن پروگرام میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی اہلیہ سیما یادو سمیت بڑے بیٹے ویبھو یادو، بیٹی ڈاکٹر آکانکشا یادو، بڑے بھائی نارائن یادو، بہن کلاوتی یادو سمیت پورے خاندان نے جم کر ڈانس کیا۔ حالانکہ، صبح شروع ہوئے پروگرام میں وزیر اعلیٰ شامل نہیں ہو سکے۔ وہ دوپہر بعد اجین پہنچیں گے۔ اس کے بعد ہونے والے دیگر پروگراموں میں شامل ہوں گے۔
دراصل، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو لگاتار اپنی سادگی کی مثال پیش کر رہے ہیں۔ ان کے چھوٹے بیٹے ڈاکٹر ابھیمنیو 30 نومبر کو کھرگون کی ڈاکٹر اشیتا کے ساتھ اجین میں اجتماعی شادی تقریب میں رشتہ ازدواج میں بندھیں گے جہاں 21 جوڑے ایک ساتھ شادی کریں گے۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اپنے بڑے بیٹے کی شادی بھی سادہ تقریب میں کی تھی۔ چھوٹے بیٹے کی شادی کا دعوت نامہ بھی سادہ رکھا گیا ہے، جس پر دولہا دلہن کی تصویر کے ساتھ مانگلک (مبارک) کاموں کی جانکاری دی گئی ہے۔ اس کی سوشل میڈیا پر خوب ستائش ہو رہی ہے۔
جمعہ کی صبح وزیر اعلیٰ کے گیتا کالونی واقع رہائش گاہ سے ماتا پوجن کا پروگرام شروع ہوا۔ جس میں بینڈ باجے کے ساتھ خاندان اور قریبی لوگوں کے ساتھ دوست بھی شامل ہوئے۔ اس دوران بی جے پی رہنما بھی پروگرام میں شامل رہے۔ ماتا پوجن کے پروگرام میں بی جے پی شہر صدر سنجے اگروال، روی سولنکی، جگدیش پانچال، مکیش یادو سمیت کئی کونسلر اور لوگ شامل ہوئے۔ اس دوران سبھی نے ڈی جے اور ڈھول پر ڈانس بھی کیا۔ ماتا پوجن پروگرام میں شامل وزیر اعلیٰ کی بیٹی ڈاکٹر آکانکشا یادو اپنے بھائی کی شادی میں جشن مناتے ہوئے نظر آئیں۔ وزیر اعلیٰ کی بہن کلاوتی یادو نے کہا کہ بابا مہاکال کی کرپا (مہربانی) سے گھر میں خوشیوں کا موقع آیا ہے۔ خوشی اور مسرت کی گھڑی ہے۔ سبھی کی زندگی میں ایسی خوشیاں بھریں بھگوان مہاکال۔

