تاثیر 30 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 29 نومبر:جنوبی دہلی میں سنگم وہار کے تگڑی ایکسٹینشن کے منگل بازار علاقے میں ہفتہ کی شام ایک تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 4 لوگوں کی جل کر موت ہو گئی، جبکہ ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہے۔ فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں کے تعاون سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
پولیس افسر کے مطابق حادثے میں ہلاک لوگوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مرچری میں محفوظ رکھوا دی گئی ہیں۔ مہلوکین کی شناخت مکان مالک ستیندر گپتا اور ان کی بہن انیتا کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ 2 دیگر کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ دونوں ہی لاشیں بہت ہی بری طرح سے جلی ہوئی حالت میں ملی ہیں۔ ان کے بارے میں یہ تک پتہ نہیں چل پایا ہے کہ وہ مرد ہیں یا خواتین۔ یہ دونوں ہی لاشیں فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو آگ بجھانے کے بعد سرچ ا?پریشن کے دوران جوتے کی دکان سے ملی ہیں۔ جس تین منزلہ عمارت میں آگ لگی اس کے نیچے ایک جوتے کی دکان تھی۔
مانا جا رہا ہے کہ آگ یہیں سے شروع ہوئی اور پہلی منزل تک پھیل گئی۔ خدشہ ہے کہ دکان میں آگ لگنے کے بعد دو لوگ اندر کی طرف پھنس گئے تھے، انہیں جان بچا کر بھاگنے کے لیے موقع تک نہیں ملا۔ وہیں حادثے میں ستیندر کی بھابھی ممتا شدید طور پر زخمی ہوئی ہیں۔ ذرائع کی مانیں تو ممتا جان بچانے کے لیے دوسری منزل سے نیچے کود گئی تھی۔ جس کی وجہ سے انہیں شدید چوٹیں آئی ہیں۔
ڈی سی پی انکت چوہان نے بتایا کہ ہفتہ کی شام تقریباً 6.27 بجے سنگم وہار تگڑی ایکسٹینشن منگل بازار روڈ پر ایک جوتے کی دکان میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی تگڑی تھانے کا اسٹاف، فائر بریگیڈ اہلکار اور کیٹس ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں۔

