لکھنؤ میں بے قابو کار کئی گاڑیوں سے ٹکرانے سے دو کی موت ہو گئی

تاثیر 2 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 2 دسمبر: اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے سیر پور تھانہ علاقے کے آئی آئی ایم روڈ پر پیر کی دیر رات سڑک حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی۔ چھ سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
سیر پور پولیس اسٹیشن کے انچارج منوج کمار کوری نے بتایا کہ پیر کی دیر رات آئی آئی ایم روڈ پر آر سی لان کے سامنے ایک تیز رفتار کار اچانک کنٹرول کھو بیٹھی اور کئی کھڑی اور گزرنے والی گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں چھ سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، جہاں علاج کے دوران دو افراد نے دم توڑ دیا۔
مرنے والوں کی شناخت راج کمار (37) اور متھلیش (40) کے طور پر کی گئی ہے، جو گڈمبا کے رہنے والے ہیں۔ وہ کیٹرنگ میں کام کرتے تھے اور کام سے واپس آ رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ ان کو ٹکر مارنے والی کار کے ڈرائیور کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ معاملے میں ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔