مہاراشٹرمیں بلدیہ اور نگر پنچایتوں کے انتخابات: کئی شہروں میں ای وی ایم میں تکنیکی خرابی، ووٹروں کی لمبی قطار

تاثیر 2 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 2 دسمبر: مہاراشٹر کی میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کے دوران منگل کی صبح ریاست بھر کے مراکز پر ووٹنگ تو بروقت شروع ہوئی، مگر متعدد علاقوں میں ای وی ایم مشینوں کی اچانک بندہو جانے کی وجہ سے انتخابی عمل کو شدید متاثر ہوا۔ صبح ساڑھے سات بجے سے جاری ووٹنگ میں مختلف شہروں میں ووٹرز بڑی تعداد میں مراکز پر پہنچے، تاہم ای وی ایم کی تکنیکی خرابی کے باعث پولنگ کئی مقامات پر آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک رکی رہی۔شولاپور ضلع کے موہول نگر پریشد کے نیتا جی پرشالا مرکز میں ووٹنگ شروع ہوتے ہی ای وی ایم اچانک بند ہوگئی جس کی وجہ سے ووٹنگ مکمل طور پر معطل رہی۔ عملے نے مرمت کی کوششیں کیں، لیکن قطاروں میں کھڑے ووٹرز کی پریشانی میں اضافہ ہوتا گیا۔ موہول کے اتھواڑی بازار مرکز پر بھی یہی صورتحال رہی، جہاں مشین کے بند ہونے کے بعد سابق رکن اسمبلی رمیش کدم نے الزام لگایا کہ ای وی ایم پر صرف حکمراں جماعت کے نشان کا بٹن فعال ہے۔ ان الزامات کو بی جے پی امیدوار سشیل کشرساگر نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ہار کے خوف سے بے بنیاد باتیں پھیلا رہی ہے۔