وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھوپال گیس سانحہ کی برسی پر تمام متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا

تاثیر 3 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 3 دسمبر:مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھوپال گیس سانحہ کے 41 سال پورے ہونے پر آنجہانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے گیس سے متاثرہ شہریوں کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی بہترین صحت کی تمنا کی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ’’بھوپال گیس سانحہ کی برسی پر تمام مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والی ایسی ہولناک آفت خواب میں بھی نہ آئے، ایشور سے یہی پرارتھنا ہے۔‘‘
بتا دیں کہ بھوپال گیس سانحہ کی آج (03 دسمبر) 41 ویں برسی ہے۔ بھوپال گیس سانحہ 3-2 دسمبر 1984 کی رات میں ہوا تھا۔ اس رات یونین کاربائیڈ فیکٹری کے ایک ٹینک سے ’’متھائل ا?ئیسو سائنٹ‘‘ گیس کا اخراج ہوا۔ چاروں طرف بھگدڑ مچ گئی۔ یونین کاربائیڈ کی فیکٹری سے تقریباً 40 ٹن گیس کا رساو ہوا تھا۔ فیکٹری کے آس پاس موجود لوگوں کی سب سے پہلے موت ہوئی اور جہاں تک اس زہریلی ہوا کے جھونکے پہنچے، وہاں اس نے موت کا قہر برپا کیا۔ زیادہ تر لوگ ایسے تھے، جنہوں نے نیند میں ہی اپنی آخری سانس لی۔