تاثیر 3 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 3 دسمبر:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز کابینہ کی جانب سے سب کمیٹی کی رپورٹ برائے ریزرویشن پر ہونے والی بحث پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری کارروائی مکمل ہونے اور فائل لیفٹیننٹ گورنر کے پاس بھیجے جانے تک کسی بھی بیان دینا مناسب نہیں ہوگا۔
وزیر اعلیٰ کابینہ میٹنگ کے اختتام کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کی کارروائی ابھی مرتب ہونی ہے اور اس پر دستخط ہونے باقی ہیں، اس لیے اس مرحلے پر کوئی بھی تبصرہ قبل از وقت ہوگا۔عمر عبداللہ نے بتایا کہ کابینہ نے ریزرویشن ڈھانچے کو منصفانہ طریقے سے بہتر بنانے اور عوامی توقعات کو پورا کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی توقعات پر کھرا اترنے کی کوشش کی۔ ریزرویشن نظام کو وعدے کے مطابق معقول بنانے کی کوشش کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

