بی پی ایس سی ٹیچر کے قتل کے خلاف کینڈل مارچ

تاثیر 4 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ، 4 دسمبر:نرپت گنج کی بی پی ایس سی ٹیچر شیوانی کماری کے بہیمانہ قتل کے خلاف ضلع کے اساتذہ نے بدھ کی دیر شام پرامن کینڈل مارچ نکالا۔کینڈل مارچ میں اساتذہ اورمقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کینڈل مارچ کے بعد اساتذہ کے ایک وفد نے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) انجنی کمار سے ملاقات کی اور اس کے بعد صدر ایس ڈی پی او سشیل کمار سنگھ سے ملاقات کی اور مجرموں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کینڈل مارچ میں شریک اساتذہ نے متوفی ٹیچر اور اس کے اہل خانہ کو جلد از جلد انصاف دلانے کی ایسڈی پی او سے مطالبہ کیا۔جائے وقوعہ پر موجودضلع پارشد صبا نے بتایا کہ بی پی ایس سی ٹیچر کے قتل کے خلاف احتجاج کے لیے کینڈل مارچ نکالاگیا۔ انہوں نے حکومت سے قاتلوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں سزا نہیں دی گئی تو دوسری ریاست سے آنے والے لوگ کبھی بھی محفوظ محسوس نہیں کریں گے۔غور طلب ہے کہ شیوانی بدھ کی صبح اپنے اسکوٹر پر اسکول جا رہی تھی۔ اس دوران کچھ بدمعاشوں نے انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ٹیچر شیوانی فاربس گنج ہاسپٹل روڈ میں رہتی تھی اور ہر روز اپنے اسکوٹر سے اسکول جاتی تھی۔