تاثیر 4 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ہوڑہ، 04/ دسمبر (پریس ریلیز) آج ہوڑہ کے تاریخی شہر ہوڑہ کے سرت سدن میں منعقدہ ایک اہم پریس کانفرنس میں خواتین کے احترام اور ان کے خلاف بڑھتے ظلم و تشدد کے خلاف ریاست گیر “عہدِ سفر” کے پروگرام کا اعلان کیا گیا۔ یہ پروگرام سماجی تنظیم “جاگو ناری جاگو” کے اہتمام میں 9 سے 16 دسمبر تک ریاست بھر میں منعقد ہوگا، جس میں ہزاروں خواتین شریک ہوں گی۔
پریس کانفرنس میں ہوڑہ صدر ریسیپشن کمیٹی کے صدر پروفیسر پرسون رنجن، سیکریٹری سابق نرسنگ پرنسپل شکھا مائتی، جوائنٹ سیکریٹری سماجی کارکن ریتا گھوشال سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
ریسیپشن کمیٹی نے اعلان کیا کہ 15 دسمبر (سوموار) سہ پہر 3 بجے سرت سدن کے سامنے ایک استقبالیہ و ثقافتی پروگرام منعقد ہوگا۔ اس سے قبل ٹکیہ پاڑہ اور ہوڑہ اسٹیشن سے دو الگ الگ ریلیاں روانہ ہوں گی، جو مرکزی اسٹیج پر آ کر ملیں گی۔ منتظمین کے مطابق اس موقع پر ضلع بھر سے سینکڑوں طلبہ، خواتین اور شہری شریک ہوں گے۔
گزشتہ برس کولکتہ کے آر جی کر اسپتال میں نوجوان خاتون ڈاکٹر کے ساتھ ہونے والی دلخراش زیادتی اور اس کے بعد ملک بھر میں سامنے آنے والے متعدد واقعات کے خلاف انصاف کے مطالبے اور عوامی بیداری بڑھانے کے مقصد سے اس عہد سفر کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی کو امید ہے کہ عوام بڑی تعداد میں شامل ہوکر اس مہم کو کامیاب بنائیں گے۔

