تاثیر 4 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 دسمبر: مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز وزیر نتن گڈکری نے جمعرات کو لوک سبھا میں اعلان کیا کہ ملک میں ٹول وصولی کا موجودہ نظام ایک سال کے اندر ختم کر دیا جائے گا۔ اس کی جگہ ایک نیا الیکٹرانک ٹول کلیکشن ماڈل لیا جائے گا، جو ہائی وے استعمال کرنے والوں کے لیے مکمل طور پر ہموار اور بہتر سفر کا تجربہ فراہم کرے گا۔
لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران گڈکری نے کہا کہ اس نئے نظام کو 10 مقامات پر شروع کیا گیا ہے اور اگلے سال کے اندر اسے پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ ٹول سسٹم ختم ہو جائے گا، ٹول کے نام پر آپ کو کوئی نہیں روکے گا۔ ایک سال کے اندر اندر ملک بھر میں الیکٹرانک ٹول وصولی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
وزیر نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں 10 لاکھ کروڑ روپے کے 4,500 سے زیادہ ہائی وے پروجیکٹ چل رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مستقبل میں ٹول پلازوں پر رکنے کی ضرورت کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

