اسرائیل نے غزہ میں قائم کی گئی’یلو لائن‘ کو ہی نئی سرحد قرار دے دیا

تاثیر 8 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

غزہ،08دسمبر:اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے کہا ہے کہ غزہ میں قائم کی گئی “یلو لائن” (حدّ فاصل) اب ”نئی سرحد“ کی حیثیت رکھتی ہے، یہ بستیوں کے سامنے کی دفاعی خط بھی ہو گی اور کسی بھی ہدف پر حملے کا نقطہ آغاز بھی۔ شمالی غزہ کے دورے میں انہوں نے کہا کہ فوج کو غزہ میں مکمل آزادیِ عمل حاصل ہے اور حماس تنظیم کو دوبارہ منظم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق فوج ہر محاذ پر اچانک جنگ کے امکانات کے لیے تیاری کر رہی ہے۔10 اکتوبر سے اسرائیل اور حماس کے درمیان نافذ العمل جنگ بندی معاہدے کے تحت طے پایا تھا کہ اسرائیلی افواج ’پیلی لکیر‘ سے پیچھے چلی جائیں گی۔ یہ لکیر اس علاقے کی نشاندہی کرتی ہے جہاں سے امن معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت اسرائیلی فوج کا انخلا ہوا ہے۔ادھر حماس تنظیم کے سینئر رہنما باسم نعیم نے کہا کہ تنظیم ہتھیاروں کو محفوظ رکھنے یا منجمد کرنے کے امکان پر بات چیت کے لیے تیار ہے، تاکہ فلسطینی دفاعی صلاحیت برقرار رہے۔