بلاس پور-منڈی میں گھنی دھند، نچلے علاقوں میں شملہ سے زیادہ سردی

تاثیر 12 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 12 دسمبر :۔ ہماچل پردیش میں سردی کا قہر بڑھتا جا رہاہے۔ خاص طور پر نچلے اور میدانی اضلاع میں سردی کے سبب رہائشیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بلاس پور اور منڈی آج دھند کی گھنی چادر میں لپٹے رہے۔ بلاس پور میں صبح کی حد نگاہ 50 میٹر اور منڈی میں 500 میٹر تک گر گئی۔ بلاس پور میں دھند اتنی گھنی تھی کہ ڈرائیوروں کو گاڑیوں کی رفتار کافی سست کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے ان دونوں شہروں میں اگلے دو روز صبح اور شام کے اوقات میں گھنی دھند کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ دھند کے باعث خاص طور پر دفتر جانے والوں اور اسکول بسوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب آئندہ دو روز تک پوری ریاست میں موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔ 14 دسمبر کو بھی میدانی علاقوں اور درمیانی اونچائی والے علاقوں میں موسم صاف رہے گا جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ 15 سے 18 دسمبر تک پوری ریاست میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لیکن شدید سردی سے راحت ملنے کی امید کم ہے۔