پارلیمنٹ حملے کی برسی: صدرجمہوریہ، وزیراعظم اور وزراء کا شہداء کو خراج عقیدت

تاثیر 13 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 دسمبر: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس پر دہشت گردانہ حملے کی برسی کے موقع پر بہادر شہیدوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح ہو کہ 13 دسمبر 2001 کو جیش محمد اور لشکر طیبہ کے پانچ دہشت گردوں نے پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ کیا۔ ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر نہ صرف ان کے منصوبے کو ناکام بنایا بلکہ ان سب کو ہلاک بھی کر دیا۔ دہلی پولیس کے پانچ اہلکاروں، ایک خاتون کانسٹیبل اور دو سیکورٹی گارڈز اس حملے میں شہید ہو گئے۔
ان قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے ایکس پر کہا،’’ملک ان بہادر ہیروز کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے 2001 میں آج کے دن ہماری پارلیمنٹ کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانیں دے دیں۔ ان کی بہادری اور فرض کے تئیں لگن ہمارے قومی جذبے کو ابھارتی رہے گی۔ قوم ہمیشہ ان کی اور ان کے خاندانوں کی مقروض رہے گی۔ اس دن، ہم دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لئے تمام ہندوستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘