ایک قوم، ایک وطن۔ ہندوستان کے عنوان پر حیدرآباد میں سیمینار کا انعقاد

تاثیر 13 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 13 دسمبر: محبتوں کے پھیلاؤ اور نفرتوں کے خاتمہ کے لئے سب کو ایک جٹ ہو کرکام کرناہے۔ ہم ایک قوم اور ایک تہذیب وتمدن کے ساتھ آگے بڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر شاہد اختر نے مسلم راشٹریہ منچ کے سیمینار بعنوان ’ایک قوم، ایک وطن۔ ہندوستان‘ پر پی جی آر آر سنٹر فار ڈسٹنس ایجوکیشن عثمانیہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں بحیثیت مہمان اعزازی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا آغاز پروفیسر اختر شعبہ جغرافیائی عثمانیہ یونیورسٹی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جناب سید علی زکی حسین اے آئی ایس ایس سی ریاستی صدر کرناٹک نے بحیثیت مہمان خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے اولیاء کرام نے ہمیشہ بھائی چارہ کو فروغ دینے کی بات کی ۔ حضرت خواجہ غریب نواز ؒ سے لیکر حضرت بندہ نواز گیسودرازؒ تک جتنے بھی بزرگان دین بھارت میں آئے سبھی نے محبت اور الفت کے پیغام کو عام کرنے کا کام کیا۔ نفرت کے خاتمہ کے ذریعہ انسانوں میں محبت پیدا کی۔ اسی کے ذریعہ امن اور سکون قائم ہوسکتاہے اور یہ مسلم راشٹر منچ بھی محبت کا فروغ اور نفرت کا خاتمہ چاہتا ہے۔