جمعیت علماء بہارکا وفد مولانا محمد عباس صاحب قاسمی ناظم اعلیٰ کی قیادت میں ماب لینچینگ کے شکار اطہر حسین کے ورثاء سے ملا

تاثیر 15 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

 بہار شریف ؍پٹنہ (محمد علی)آج مورخہ 15 سمبر 2025 بروز پیر جمعیت علماء بہارکا تین رکنی وفد مولانا محمد عباس صاحب قاسمی ناظم اعلیٰ کی قیادت میں گزشتہ دنوں ماب لنچنگ میں قتل کئے گئے اطہر حسین ولد مرحوم محمد عالم کے گھر گگن دیوان محلہ،  پولس اسٹیشن لہیری،  بہار شریف ضلع نالندہ گیا۔ وہاں پہنچ کر مقتول کے پسماندگان دیگر رشتہ داروں اور پڑوسیوں سے ملاقات کی۔وفد میں جمعیت علماء  بہار کے ناظم ڈاکٹر انوارالہدیٰ، ناظم دفتر ارشد متین شامل تھے.مقتول کے بھائی نے بتایا کہ میرے بھیا گزشتہ پندرہ سالوں سے سائیکل پر کپڑا فروخت کرنے کا کام نوادہ ضلع کے روہ تھانہ علاقہ میں کرتے تھے۔ حسب معمول وہ کپڑا بیچ کر لوٹ رہے تھے کہ راستہ میں ان کی سائیکل کا ٹائر پنکچر ہو گیا۔ اطہر حسین کے بھٹا گائوں میں آگ تاپ رہے لوگوں سے پنکچر بنانے والے دکان کے متعلق دریافت کیا تو لوگوں نے ان سے پوچھا کہ تم کون ہو؟  یہ معلوم ہوجانے پر کہ یہ مسلمان ہے،  ان کے ساتھ مار پیٹ کی اور جسم کے مختلف حصوں کو دردناک اذیت دے کر ناقابل برداشت تکلیفیں دیں۔ اس کے بعد کسی نے 112 نمبر پر ڈائل کر کرکے  پولس کو اطلاع دی،  پولس آئی اور اس کو اسپتال میں داخل کرایا۔شرپسند عناصر درندہ صفت لوگوں نے نام مذہب پوچھ کر بے رحمی کے ساتھ تشدد کیا ؛ہاتھ پیر باندھ کر لاٹھی ڈندے لوہے کے راڈ سے مارا پیٹا؛ پیٹرول چھڑک کر جسم کے مختلف اعضاء کو جلایا گیا لوہے کی سلاخ کو آگ پر تپا کر؛ جسم کو داغا گیا زخموں کی تاب نہ لاسکے  بالآخر علاج کے دوران موت ہو گئی۔ 6 دسمبر 2025 کو مقتول کی اہلیہ نے ایف آئی آر درج کرایا جس میں دس لوگوں کو نامزد ملزم بنایا گیا اور دس سے پندرہ نا معلوم لوگوں کے خلاف شکایت درج کرائی گئی۔ مورخہ 12 دسمبر 2025 کو اطہر حسین کا اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ اب تک 11 نامزد ملزمین کی گرفتاری ہو چکی ہے۔پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔جمعیت علماء بہار کی جانب سے نقد 25000 پچیس ہزار روپے کا مالی تعاون پیش کیا گیا اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا گیا۔ ضلعی جمعیت علماء  نالندہ اور نوادہ کے ذمہ داروں نے وفد کی رہنمائی فرمائی۔اس کے بعد وفد نوادہ کے ضلع کلکٹر اور پولس کپتان آبھینو دھامی سے ملاقات کرنے اور میمورنڈم دینے کے لئے نوادہ ڈی ایم آفس پہنچا۔ایس پی نوادہ نے وفد کوبتایا کہ میں ذاتی طور پر اس کیس کو دیکھ رہا ہوں۔ اب تک 11 ملزمین کی گرفتاری ہو چکی ہے۔ بہت جلد چارج شیٹ داخل کر دی جائے گی۔ڈی ایم نوادہ روی پرکاش نے وفد کو یقین دلایا کہ مقتول کے ساتھ انصاف ہوگا۔ ایک بات ڈی ایم صاحب نے کہی کہ مقتول پر چوری کا الزام ہے۔ اس پر وفد نے کہا کہ  کیا آپ کو ایسا لگتا ہے،تو ڈی ایم  صاحب نے کہا کہ ایسا  تو نہیں ہے۔ بہر حال یہ انتہائی غیر انسانی فعل ہے۔ میں خود اس کیس پر نظر رکھ رہا ہوں۔اس کے بعد وفد شام کے:15 5 بجے شام نوادہ سے پٹنہ کے لئے روانہ ہو گیا۔وفد کو تعاون کرنے میں مولانا شاکر قاسمی اور ڈاکٹر سرفراز ،نوادہ ضلع کے صدر مولانا ابو صالح ندوی، جنرل سکریٹری مولانا اجمل قادری، مولانا عنایت اللہ قاسمی وغیرہ موجود تھے۔ وفد نے  اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی۔