تاثیر 19 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
علی گڑھ, 19 دسمبر:یومِ حقوقِ اقلیت کے موقع پر دی نوبل سپورٹ فاؤنڈیشن، علی گڑھ کے زیرِ اہتمام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کلچرل ہال، مولانا آزاد لائبریری میں ایک روزہ سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سمینار کا موضوع‘‘سماجی و معاشی خلا اور پالیسی ردِعمل: شمولیاتی ترقی کے لیے عدم مساوات کا ازالہ’’تھا، جس میں اقلیتی حقوق، سماجی انصاف اور وِکست بھارت کے تصور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مہمانِ خصوصی معروف استاد شعبہ سیاسیات پروفیسر مرزا اسمر بیگ نے اقلیت کے تصور اور اس کے سماجی و سیاسی تناظر پر مفصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی حقوق کا تحفظ قومی اتحاد، سماجی ہم آہنگی اور انصاف کے لیے ناگزیر ہے۔شعبہ انگریزی کے معروف استاد پروفیسر محمد رضوان خان علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اقلیتی تعلیمی ادارے کی حیثیت سے تاریخی اہمیت بیان کی اور کہا کہ تعلیم کے ذریعے محروم طبقات کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شعبہ قانون کے استاد پروفیسر سید علی نواز زیدی نے آزادی کے بعد اقلیتوں کی خدمات، آئینی ضمانتوں اور پالیسی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری ہی اقلیتی حقوق کے تحفظ کی اصل ضمانت ہے۔ اس سے قبل فیض الرحمٰن شیروانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں انہوں نے ہندوستانی جمہوری نظام میں اقلیتوں کے کردار اور ان کے آئینی حقوق پر روشنی ڈالی۔

