دہلی کے ہوائی اڈے پر دھند کی وجہ سے آپریشن متاثر، 130 سے آزیادہ پروازیں منسوخ

تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 دسمبر:قومی راجدھانی دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) میں  ہفتہ کی صبح سے ہی گھنی دھند چھائی رہی ۔ گھنی دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیاں آہستہ آہستہ چلتی ہوئی نظر آئیں ۔ دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر رہا ۔ دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آئی جی آئی ) پر تقریباً 130 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
دہلی ایئرپورٹ نے ہوائی مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ آئی جی آئی اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ آج ایئرپورٹ پر 66 آنے والی اور 63 باہر جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس دوران ، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا(اے اے آئی ) اور ایئر لائنز کمپنیوں نے بھی دھند کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔
اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے مسافروں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی دارالحکومت کو گھنی دھند نے اپنی زد میں لے لیا ہے۔ ہوائی اڈے نے ایڈوائزری میں کہا ہے کہ کم نظر آنے کے طریقہ کار اب بھی جاری ہیں، لیکن تمام فلائٹ آپریشن اب معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔