تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 20 دسمبر: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ نوجوان طاقت ہی ہمیشہ نئی تاریخ لکھتی ہے۔ نوجوانوں کی بے پناہ توانائی، انوویشن (جدت طرازی) اور انٹرپرینیورل سوچ سے ہی ہمارا مدھیہ پردیش مسلسل ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری ریاست نوجوان توانائی سے بھرپور ہے اور اجتماعی کوششوں سے ہم ترقی کی نئی بلندیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ ہم ہندوستانیوں کے ڈی این اے میں ہے۔ انٹرپرینیورشپ ہماری ثقافت کا اٹوٹ حصہ رہی ہے، جسے آج کے نئے صنعت کار جدید ٹیکنالوجی، انوویشن اور اپنے ہنر سے نئی سمت دے رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ہفتہ کو اندور کے بریلینٹ کنونشن سینٹر میں ینگ انٹرپرینیور فورم سمٹ-2025 سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے نئے صنعت کاروں نے اپنی ذہانت، ہنر اور جدید تکنیکی علم کا استعمال کر کے روزگار پیدا کرنے کے عمل کو فروغ دیا ہے۔ اپنی لگن، محنت اور خود اعتمادی سے انہوں نے خود کا نیا مقام بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستانی انٹرپرینیورشپ کی خاصیت یہی ہے کہ ہم صرف منافع کمانے تک ہی محدود نہ رہیں، بلکہ سماج اور قوم کے مفاد سے بھی ہمیشہ جڑے رہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے نوجوان صنعت کاروں نے جوکھم اٹھانے کی صلاحیت اور اپنی ہمت سے سماج اور ریاست کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

