تاثیر 21 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ایڈیلیڈ، 21 دسمبر: آسٹریلیا نے ایشز کے تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 82 رنوں سے شکست دے دی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیری کی سنچری (106) اور عثمان خواجہ کی نصف سنچری (82) کی بدولت پہلی اننگز میں 371 رن بنائے۔ جواب میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان بین اسٹوکس کے 83 رنوں کی بدولت 286 رن بنائے اور آسٹریلیا کو 85 رنوں کی برتری دلا دی۔دوسری اننگز میں میزبان ٹیم نے اوپنر ٹریوس ہیڈ کے شاندار 170 رنوں کی بدولت 349 رن بنائے اور مجموعی طور پر 434 رنوں کی برتری حاصل کر لی۔ اس سے انگلینڈ کو جیت کے لیے 435 رنوں کا ہدف ملا۔ اس کے جواب میں اتوار کو میچ کے آخری دن انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 352 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی اور اسے مسلسل تیسرا میچ ہارنا پڑا۔ اس فتح کے ساتھ ہی میزبان آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں 0-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے پہلا ٹیسٹ 8 وکٹوں سے جیتا تھا اور پھر دوسرا ٹیسٹ بھی 8 وکٹوں سے جیتا۔ سیریز کا اگلا میچ 26 دسمبر سے میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

