تاثیر 21 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 21 دسمبر : مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ اپنائیت سے کچھ اور بہتر کرنے کی نئی توانائی ملتی ہے۔ شاجاپور ضلع نے ریاست کو خیالات کی سمت دی ہے، اس لیے ترقی میں پہلا حق بھی شاجاپور کا ہے۔ شاجاپور ضلع کی ترقی میں کوئی کمی نہیں رکھی جائے گی۔ مکسی کے ساتھ ساتھ اب شاجاپور میں بھی تبدیلی کی ہوا چل رہی ہے اور ہم سب مل کر مدھیہ پردیش کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنائیں گے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کو بھوپال واقع اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شاجاپور ضلع کے عوامی نمائندوں، انڈسٹری ایسوسی ایشن، ڈاکٹرس ایسوسی ایشن، ملازمین یونین، وکلا یونین، ادیوگ بھارتی سمیت مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنان نے پھولوں کے ہار، شال اور مومینٹو پیش کر کے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔ تقریب میں گزشتہ دو برسوں میں شاجاپور ضلع کو ملے ترقی کے تحفوں کا ذکر کرتے ہوئے ’2 سال- بے مثال‘ کا نعرہ لگایا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ دو میٹروپولیٹن علاقوں کے درمیان واقع شاجاپور ایک اہم مرکزی نقطہ ہے۔ یہاں جلد ہی میڈیکل کالج تعمیر کیا جائے گا، جبکہ شجاعلپور میں آیورویدک کالج کی تعمیر بھی کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکسی پہلے سے صنعتی مرکز رہا ہے، لیکن اب وہاں ترقی کو نئی رفتار ملی ہے۔ شاجاپور ضلع میں بھی کئی ترقیاتی کام جاری ہیں اور شہریوں کی توقعات کو پورا کیا جائے گا۔

