وقت کی قدر اور فکرو عمل سے معاشرتی تبدیلی ممکن : ڈاکٹر محمد شبی ہاشمی

تاثیر 22 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مکہ مکرمہ (کلاک ٹاور)، 22 دسمبر (نمائندہ)  عمرہ ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ تشریف لائے بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسرچ اسکالر اور حکومت قازقستان کے ایجوکیشنل ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد شبی ہاشمی (جو صبح بہار سے تعلق رکھتے ہیں) سے مکہ میں مقیم بہاری کمیونٹی کی جانب سے گزشتہ روز کلاک ٹاور پر خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔ جمعہ کی صبح منعقد ہونے والی اس مجلس میں ڈاکٹر ہاشمی اور ان کے فرزند نے ضیوف الرحمان کی حیثیت سے شرکت کی اور بے پناہ مسرت کا اظہار کیا۔ڈاکٹر ہاشمی نے اپنے خصوصی پیغام میں نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دور حاضر میں وقت کی قدر کریں اور اسے زندگی کا بنیادی اصول بنائیں، کیونکہ اسی سے اعلیٰ مقام حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاشرہ چند اہم نکات پر ابھی سے عمل شروع کر دے تو حالات میں جلد نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے:1. بچوں کی شادی قانونی عمر ہوتے ہی فوری کر دیں، تاخیر نہ کریں تاکہ سماجی برائیاں ختم ہوں اور مستقبل روشن ہو۔2. جہیز کی لعنت کو مکمل ترک کریں اور کم خرچ شادیوں کو فروغ دیں۔3. اعلیٰ ورلڈ وائڈلی تعلیم کے ساتھ بنیادی دینی تعلیم کو لازمی قرار دیں؛ والدین اور دانشور حضرات مفت دینی تعلیم کا اہتمام کریں تاکہ ہر بچہ اپنے والدین کا جنازہ پڑھنے اور نکاح پڑھانے کے قابل ہو۔4. اخلاقیات اور معاملات میں صداقت و امانت کو لازم پکڑیں؛ اساتذہ طلبہ کو دیانت داری اور پابندی وقت کی تعلیم دیں تاکہ خوشگوار معاشرہ تشکیل پا سکے۔5. این آر آئی بہاریوں سے اپیل کی کہ وہ وزیراعلیٰ بہار کو عاجزانہ درخواست کریں کہ دیگر ریاستوں کی طرح بہار میں بھی این آر آئی کے لیے الگ محکمہ یا وزارت قائم کی جائے، جس سے مستقبل کی پریشانیاں دور ہوں گی۔6. یاد رکھیں کہ نسل ہی اصل ہے؛ ملک، ریاست، معاشرہ اور گھر کا مستقبل آپ پر منحصر ہے۔
مجلس میں کافی تعداد میں اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں مسعود اعظم خان، سید طالب احمد، سید اعجاز الحق، شیخ عبداللہ، نصیر الدین عمری مدنی سمیت دیگر شامل تھے۔ شرکاء نے پروفیسر ڈاکٹر شبی ہاشمی کا قیمتی وقت دینے پر زوردار شکریہ ادا کیا۔