راشن ڈیلروں کے مسائل پر ویسٹ بنگال ایم آر ڈیلرس ایسوسی ایشن کی حکومت سے مطالبات

تاثیر 22 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 22/ دسمبر (تاثیر بیورو) ویسٹ بنگال ایم آر ڈیلرس ایسوسی ایشن نے راشن ڈیلروں کے مسائل اور مطالبات پر مبنی ایک تفصیلی یادداشت حکومت کو پیش کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق جدید ڈیجیٹل ای، ترازو اور اسمارٹ وزن مشین کی فراہمی، 24 گھنٹوں کے اندر مفت مرمت کی سہولت، این ایف ایس اے اور خوراک ساتھی منصوبے کے تحت ماہانہ 10 کلو راشن، ڈیلروں کی کمیشن میں اضافہ اور بقایا جات کی فوری ادائیگی جیسے مطالبات فوری توجہ کے مستحق ہیں۔
یادداشت میں کہا گیا ہے کہ دوارے راشن منصوبے کے تحت اضافی بقایا کمیشن کی ادائیگی میں تاخیر، معائنہ کے نام پر بعض بدعنوان افسران کی مبینہ ہراسانی اور غیر ضروری نئے راشن دکانوں کے قیام سے ڈیلروں کی آمدنی متاثر ہو رہی ہے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ ہر راشن دکان پر راشن کارڈ کی حد 7000 برقرار رکھی جائے اور دشوار گزار علاقوں کے ڈیلروں کو اضافی کمیشن دیا جائے۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ راشن نظام میں شفافیت، ڈیلروں کے معاشی تحفظ اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام مطالبات پر فوری اور مثبت فیصلہ کیا جائے۔