تاثیر 28 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی( مظفر عالم)
پوپری بینی پٹّی سڑک جھجھیہٹ ٹائر ایجنسی کے قریب ہفتہ کی رات ایک المناک سڑک حادثے میں آٹو ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جاں بحق شخص کی شناخت ہرڈیا پنچایت کے وارڈ نمبر 10، رام پور پچاسی گاؤں باشندہ رام چندر راؤت کے 30 سالہ بیٹے سدھیر راؤت کے طور پر کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سدھیر راؤت روزانہ کی طرح شہر کے مدھوبنی بس پڑاؤ سے آٹو لے کر بغیر کسی سواری کے اپنے گھر واپس لوٹ رہا تھا۔ شدید سردی کے باعث اس نے آٹو تیز رفتاری سے چلایا، اسی دوران گاڑی بے قابو ہو گئی اور سڑک کنارے نصب ایک بورڈ کے کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
حادثے کے وقت پیچھے سے آٹو لے کر آ رہے اس کے چچازاد بھائی اومیش راؤت اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر مدد کرتے ہوئے آٹو کے نیچے دبے سدھیر کو نکال کر قریبی پی ایچ سی پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس پی ایچ سی پہنچی اور ضروری کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا گیا۔ اتوار کی صبح پوسٹ مارٹم کے بعد جب لاش گاؤں پہنچی تو اہلِ خانہ میں کہرام مچ گیا۔ مرحوم سدھیر راؤت آٹو چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتا تھا۔ اس کے اہلِ خانہ میں بیوی سریتا دیوی اور تین کمسن بچے شامل ہیں۔ اس دل دہلا دینے والے حادثے کے بعد پورے گاؤں میں غم اور افسوس کی فضا قائم ہے۔

