بوکھڑا بلاک کا اچانک ایس ڈی او نے کیا معائنہ، غیر حاضر اہلکاروں پر کارروائی کی وارننگ

تاثیر 30 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی (مظفر عالم)
ضلع کے پوپری ایس ڈی او گورو کمار نے م بوکھڑا بال وکاس پروجیکٹ آفس، بلاک اور انچل دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران بال وکاس پروجیکٹ آفس میں سی ڈی پی او جبکہ بلاک اور انچل دفاتر میں متعدد ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔ ایس ڈی او نے غیر حاضر سی ڈی پی او اور بلاک و انچل کے اہلکاروں سے وضاحت طلب کرنے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر وضاحت تسلی بخش نہ ہوئی تو سخت کارروائی یقینی طور پر کی جائے گی۔ قابلِ ذکر ہے کہ پیر کے روز دن کے 12 بج کر 46 منٹ پر بال وکاس پروجیکٹ آفس مکمل طور پر بند پایا گیا تھا۔ دفتر میں نہ تو کوئی ذمہ دار افسر موجود تھا اور نہ ہی کوئی ملازم۔ بند دفتر کی تصاویر سوشل میڈیا گروپس میں تیزی سے وائرل ہوئیں، جس کے بعد علاقے کے عوام نے نظام کی سستی اور بدحال انتظامیہ پر سوالات اٹھائے۔  ایس ڈی او گورو کمار کی جانب سے بال وکاس کے ساتھ ساتھ بلاک اور انچل دفاتر کے معائنے سے ملازمین میں ہڑکمپ مچ گیا۔ معائنے کے بعد ایس ڈی او نے بلاک دفتر میں افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ بھی کی، جس میں انہوں نے ضروری ہدایت جاری کی۔ ایس ڈی او نے بلاک ہیڈکوارٹر پہنچنے والے عوام کی مشکلات سے بھی براہِ راست واقفیت حاصل کی اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل کا بروقت اور مؤثر حل یقینی بنایا جائے۔ پوپری ایس ڈی او گورو کمار نے شدید سردی کے مدنظر درجون غریبوں کے درمیان کمبل تقسیم کئے ، اس موقع پر بی ڈی او چندرکانتا کماری، سی او واگیشا پریہ درشی، لیبر انفورسمنٹ آفیسر بشنودھر شرما اور  بوکھڑا پرمکھ سدھیر ساہئسمیت دیگر ملازمین موجود تھے۔