!بہار سردی کی شدید لپیٹ میں، نیا سال بھی دھوپ کے بغیر

تاثیر 30 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کہرا، سرد ہواؤں اور کولڈ ڈے نے بڑھائی عوام کی مشکلات
مظفر پور ( نزہت جہاں)
بہار اس وقت شدید سردی، گھنے کہرا اور کولڈ ڈے کی کیفیت سے گزر رہا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے سورج کے دیدار نایاب ہو چکے ہیں اور دن ہو یا رات، سردی کی شدت میں کوئی کمی نہیں آ رہی۔ نیا سال بھی بہار کے لوگوں کے لیے سرد اور کہر آلود آغاز کا پیغام لے کر آ رہا ہے، کیونکہ محکمہ موسمیات نے 3 جنوری تک سرد موسم کی وارننگ جاری رکھی ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) پٹنہ کے مطابق ریاست میں بیک وقت برفیلی پچھوا ہوائیں اور گھنا کہرا حاوی ہیں۔ شمال سے جنوب بہار تک درجۂ حرارت میں نمایاں فرق ختم ہوتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے دن میں بھی کپکپی محسوس کی جا رہی ہے۔ سردی اب محض موسم نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کی ایک سخت آزمائش بن چکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجۂ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی، تاہم گھنا کہرا اور سرد ہوائیں عوامی زندگی کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ بہار کے کئی اضلاع میں حدِ نگاہ نہایت کم ہو گئی ہے۔ گیا میں تو حدِ نگاہ صرف 50 میٹر تک سمٹ گئی، جس سے سڑک اور ریل آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی چمپارن اور سیتامڑھی جیسے شمالی اضلاع میں شیت لہر کا الرٹ جاری ہے،  شمالی بہار میں پچھلے دو ہفتوں سے کولڈ ڈے جیسی صورتحال برقرار ہے، جہاں دن کے وقت بھی سردی سے راحت نہیں مل رہی۔ ریاست کے کئی علاقوں میں کم سے کم درجۂ حرارت معمول سے کافی نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ راجگیر سرد ترین مقامات میں شامل ہے، جبکہ دارالحکومت پٹنہ میں بھی سردی نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔