ٹرمپ نے ایک بار پھر حماس کوفوراً ہتھیار ڈالنے کی دھمکی دی، اسرائیل کو غیر محدود حمایت فراہم کرنے کا اعلان

تاثیر 30 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،30دسمبر:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو سے ملاقات کی جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ اسرائیل کی حمایت جاری رکھے گا اور کہا کہ وہ نیتن یاھو کے ساتھ زیادہ تر امور پر اتفاق کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حماس نے اپنے ہتھیار پھینکنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ اقدام نہ کیا گیا تو حماس ذمہ دار ہوگی۔ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس ہتھیار پھینکنے میں ناکام رہتی ہے تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی،ان کے پاس وقت بہت کم ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر موقع ملا تو غزہ کے نصف باشندے وہاں سے نکل جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ نیتن یاھو صحیح اقدامات کریں گے، تاہم یہ واضح کیا کہ آباد کاروں کے مظالم اور وہاں کے تشدد پر مکمل اتفاق نہیں ہوا۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ لبنان کی جانب سے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوششوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔