اتراکھنڈ کے الموڑہ میں ایک بس کھائی میں گرنے سے سات مسافروں کی موت

تاثیر 30 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

الموڑہ (اتراکھنڈ)، 30 دسمبر: اتراکھنڈ کے الموڑہ ضلع میں آج صبح ایک بس کھائی میں گرنے سے سات افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس، انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور بچاؤ کام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ حادثہ ضلع کے بھکیاسین-ونائک روڈ پر پیش آیا۔ مسافر بس سیلپانی-سیملدھر کے قریب بھکیاسین سے رام نگر جا رہی تھی۔ متعدد مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ بس میں تقریباً 17 سے18 مسافر سوار تھے۔ گہری کھائی کی وجہ سے بچاؤ اور امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے بھکیاسین کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ شدید زخمیوں کو اعلیٰ طبی سہولیات کے لیے ریفر کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے کو دل دہلا دینے والا قرار دیا اور حکام کو زخمیوں کا مناسب علاج یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پورے واقعہ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ دھامی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔