وزیراعظم نے ممتازماہرین اقتصادیات سے بجٹ سے قبل مشاورتی میٹنگ کی

تاثیر 30 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 30 دسمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یہاں نیتی آیوگ میں قبل از بجٹ مشاورتی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں نامور ماہرین اقتصادیات، مختلف شعبوں کے ماہرین اورمتعلقہ امور کے ماہرین نے شرکت کی۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین سمن بیری اور نیتی آیوگ کے سی ای او بی وی آر سبھرامنیم بھی اس میں موجود تھے۔ذرائع کے مطابق، اقتصادی ماہرین، شعبہ جاتی ماہرین، اور مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے نمائندوں نے میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں ملک کی ترقی کے امکانات، مالیاتی انتظام اور 27-2026 کے بجٹ سے قبل طویل مدتی اقتصادی ترقی کے لیے درکار ساختی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔موجودہ معاشی صورتحال، عالمی چیلنجز اور ملکی طلب کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق اس طرح کی مشاورت کا مقصد مختلف فریقین کی تجاویز کو شامل کرکے ایک جامع اور متوازن بجٹ تیار کرنا ہے۔