دربھنگہ صدر تھانہ کو آل انڈیا سطح پر پانچواں مقام ملا

تاثیر 31 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام): بہار کے دربھنگہ ضلع کے صدر پولیس اسٹیشن نے قومی سطح پر ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ وزارتِ داخلہ (MHA) کی جانب سے جاری کردہ “Annual Ranking of Police Stations 2025” میں دربھنگہ صدر تھانہ نے پورے بھارت میں پانچواں مقام حاصل کیا ہے۔یہ رینکنگ جرائم پر کنٹرول، عوامی خدمات کی فراہمی اور کمیونٹی انگیجمنٹ جیسے اہم معیارات کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ تازہ رینکنگ کا اعلان حال ہی میں رائے پور میں منعقدہ ڈی جی پیز اور آئی جی پیز کی 60ویں آل انڈیا کانفرنس میں کیا گیا۔وزارتِ داخلہ کے مطابق، بہار سے تین پولیس اسٹیشنز کو حتمی جانچ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں نالندہ ضلع کا تھرتھری پولیس اسٹیشن، دربھنگہ ضلع کا علی نگر پولیس اسٹیشن اور دربھنگہ صدر پولیس اسٹیشن شامل ہیں۔ ان تینوں میں دربھنگہ صدر تھانہ بہار کا سب سے اعلیٰ رینک حاصل کرنے والا تھانہ ثابت ہوا۔اس موقع پر داربھنگہ صدر کے تھانہ انچارج منوج کمار نے بتایا کہ انہیں وزارتِ داخلہ کی جانب سے اس کامیابی کی اطلاع بذریعہ سرکاری ای میل موصول ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جانچ ٹیم نے ستمبر ماہ میں تھانے کا دورہ کیا تھا، جو تشخیصی عمل کا حصہ تھا۔یہ کامیابی دربھنگہ پولیس کی بہتر کارکردگی اور عوامی خدمت کے تئیں عزم کی عکاسی کرتا ہے۔