تاثیر 4 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،04جنوری(ہ س)۔وینزویلا پر امریکی حملے کے بعد عالمی رہنماوں کا ردعمل آنا شروع ہوگیا، مغربی ممالک نے امریکی اقدامات کی حمایت کی ہے جبکہ چین، روس اور ایران نے سخت مذمت کی ہے۔برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے وینزویلا میں صدر مادورو کے دور کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ مادورو کو غیرقانونی صدر سمجھتے تھے، ان کے جانے پر کوئی افسوس نہیں۔ وینزویلا میں پرامن اور محفوظ انتقالِ اقتدار کےخواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی خواہشات کی عکاس حکومت کی حمایت کرتے ہیں، برطانیہ آئندہ دنوں امریکا سے صورتحال پر مشاورت کرے گا۔اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا کہ وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی جائز ہے، امریکی کارروائی کو دفاعی اقدام قرار دیتے ہیں تاہم فوجی مداخلت آمریت کے خاتمے کا حل نہیں۔انہوں نے کہا کہ اٹلی نے وینزویلا کے صدر کی خود ساختہ انتخابی فتح کو تسلیم نہیں کیا، اٹلی وینزویلا میں جمہوری انتقالِ اقتدار کی حمایت کرتا ہے۔

