تمل ناڈو حکومت کی اپیل مسترد تروپرنگونترم پہاڑی پر چراغ جلانے کا حکم برقرار

تاثیر 6 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مدورائی، 6 جنوری: مدراس ہائی کورٹ کی مدورائی بنچ نے تروپرنگونترم پہاڑی کی چوٹی پر چراغ جلانے کے بارے میں سنگل جج کے حکم کو برقرار رکھا ہے۔ دو رکنی بنچ جس میں جسٹس جے چندرن اور جسٹس کے کے رام کرشنن نے واضح کیا کہ جسٹس جی آر۔ سوامی ناتھن کے پہلے کے حکم کو پوری طرح نافذ کیا جانا چاہیے۔
تمل ناڈو حکومت نے جسٹس جی آرسوامی ناتھن کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے دو ججوں کی بنچ کے سامنے اپیل دائر کی تھی۔ سماعت کے بعد عدالت نے حکومتی دلائل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دلیل بے بنیاد ہے کہ چراغ جلانے سے امن و امان کے مسائل پیدا ہوں گے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں مدورائی ضلع انتظامیہ کے بارے میں بھی سخت تبصرہ کیا۔ بنچ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ دونوں فریقوں کے درمیان غیر ضروری تنازعہ کے لیے محرک کے طور پر کام کر رہی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا یہ دعویٰ کہ امن و امان کے مسائل کی وجہ سے پہاڑی چوٹیوں پر چراغ جلانا ناممکن ہے غیر منطقی ہے اور یہ ایک “مضحکہ خیز” رویہ کی عکاسی کرتا ہے۔