بتھناہا قتل معاملہ بے نقاب — بیوی اور عاشق گرفتار، تیز دھار ہتھیار سے کیا گیا تھا قتل

تاثیر 11 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتا مڑھی (مظفر عالم)
ضلع کے بٹھناہا تھانہ علاقے میں پیش آئے قتل کے معاملے کا پولیس نے کامیاب انکشاف کر دیا ہے۔ پولیس نے قتل کے الزام میں مقتول کی بیوی اور اس کے عاشق کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گھریلو تنازع اور ناجائز تعلقات اس قتل کی بنیادی وجہ بنے۔ واقعہ 31 دسمبر 2025 کا ہے جب بتھناہا تھانہ حدود کے این ایچ–22 پر واقع درگا کالج کے نزدیک سڑک کنارے ایک بوری میں بند سربریدہ لاش برآمد ہوئی۔ تفتیش کے بعد لاش کی شناخت فیکن پاسوان، باشندہ گاؤں دھرمپور، تھانہ بتھناہا، ضلع سیتا مڑھی کے طور پر ہوئی۔ اس سلسلے میں بتھناہا تھانہ میں کیس نمبر 03/25 درج کیا گیا اور تفتیش شروع ہوئی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت رنجن سیتا مڑھی کی ہدایت پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دی گئی۔ سائنسی شواہد، تکنیکی بنیادوں، سی سی ٹی وی فوٹیج اور انسانی انٹیلی جنس کی مدد سے پولیس نے مقتول کی بیوی انیتا دیوی سے سخت تحقیقات کی گئی۔ تفتیش کے دوران ملزمہ نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے پڑوسی ارون کمار ٹھاکر کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جس کی وجہ سے آئے دن شوہر سے جھگڑا ہوتا تھا۔ ملزمہ کے بیان کے مطابق 30 دسمبر 2025 کی رات ارون کمار کے ساتھ مل کر شوہر کے قتل کی سازش رچی گئی۔ دونوں نے تیز دھار ہتھیار سے وار کرکے اس کو قتل کیا اور شناخت چھپانے کے لیے اس کا سر الگ کرکے لاش کو بوری میں بند کر کے پھینک دیا۔ پولیس نے کال ڈیٹیل ریکارڈ (CDR) اور دیگر تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ارون کمار ٹھاکر کو بھی گرفتار کر لیا۔