امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایرانی مظاہرین کی حمایت کا اعلان

تاثیر 11 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تہران، 11 جنوری :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں بڑھتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایرانی عوام کو مدد فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے تاکہ وہ اس آزادی کی جانب بڑھ سکیں جسے انہوں نے ماضی میں کبھی اس سطح پر نہیں دیکھا۔ٹرمپ نے یہ بات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں کہی۔ انہوں نے لکھا کہ ایران آزادی کا خواہاں ہے شاید پہلے کبھی اس طرح نہیں اور امریکہ مدد کے لیے تیار ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے تمام اکتیس صوبوں میں وسیع پیمانے پر بدامنی پھیلی ہوئی ہے جو گذشتہ دسمبر کے اواخر سے جاری ہے۔امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں نے ابتدائی سطح پر اس بات پر تبادلہ خیال کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑے تو ایران کے خلاف کس طرح کارروائی کی جا سکتی ہے تاکہ صدر ٹرمپ کی دھمکیوں پر عمل درآمد ہو سکے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ان بات چیت میں ممکنہ اہداف کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ زیر غور آپشنز میں ایرانی فوجی اہداف پر وسیع پیمانے پر فضائی حملہ بھی شامل ہے۔ایک اور عہدیدار کا کہنا تھا کہ آئندہ لائحہ عمل پر ابھی کوئی اتفاق رائے موجود نہیں اور نہ ہی کسی ممکنہ حملے کی تیاری کے لیے کوئی فوجی سازوسامان یا اہلکار منتقل کیے گئے ہیں۔