ممنوعہ جانوروں کی باقیات ملنے پر ہنگامہ، تھانہ انچارج سمیت چار پولیس اہلکار معطل

تاثیر 13 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 13 جنوری : اترپردیش کے کانپور میں بلہوور تھانہ علاقے کے گڑھن پور علاقے میں ممنوعہ جانوروں کی باقیات ملنے کی اطلاع پر ہندو تنظیموں کے درجنوں لوگ موقع پر پہنچ گئے اور ہنگامہ شروع کر دیا۔ صورتحال خراب ہوتا دیکھ کر کئی تھانوں کی پولیس فورس کے ساتھ پی اے سی بھی تعینات کر دی گئی۔ موقع پر جوائنٹ پولیس کمشنر (لاء اینڈ ٓرڈر) آشوتوش کمار بھی پہنچے۔ انہوں نے لاپرواہی برتنے کے الزام میں تھانہ انچارج سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
واقعہ پیر کی دیر رات کا ہے جب سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیو وائرل ہوئے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ گڑھن پور علاقے میں ایک کھیت میں بھاری مقدار میں ممنوعہ جانوروں کی باقیات ملی ہیں۔ اطلاع پر وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنان موقع پر پہنچ کر نعرے بازی کرتے ہوئے ہنگامہ کرنے لگے۔ ہنگامے کی اطلاع پر کئی تھانوں کی فورس بھی موقع پر پہنچی لیکن مظاہرین ماننے کو تیار نہیں تھے۔