بی ایم سی میں بی جے پی کا شاندار مظاہرہ

تاثیر 16 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 16 جنوری : ممبئی میں بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی ووٹ گنتی کے ساتھ ہی سیاسی منظرنامہ تیزی سے بدلتا دکھائی دے رہا ہے۔ ابتدائی رجحانات کے مطابق بی جے پی کی قیادت والا مہایوتی اتحاد شہر میں سبقت حاصل کر رہا ہے اور اس وقت مجموعی طور پر 77 نشستوں پر آگے بتایا جا رہا ہے۔ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق بی جے پی 57 نشستوں پر برتری رکھتی ہے، جبکہ اس کی اتحادی شیو سینا (شندے دھڑا) 20 نشستوں پر آگے ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے شیو سینا (ادھو) 51 نشستوں پر سبقت رکھتی ہے، جبکہ مہاراشٹر نونرمان سینا 7 نشستوں پر آگے چل رہی ہے۔ کانگریس کو 9 نشستوں پر برتری حاصل ہے، جبکہ این سی پی (اجیت پوار دھڑا) ایک نشست پر آگے بتایا جا رہا ہے۔انتخابی حکام کے مطابق بی ایم سی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی 23 مراکز پر جاری ہے اور آج شام تک حتمی نتائج کے اعلان کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پورا عمل الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے، جس کے لیے پولیس، ٹریفک اور شہری انتظامیہ کے درمیان قریبی تال میل رکھا گیا ہے۔ یہ انتخابات جمعرات 15 جنوری کو منعقد ہوئے تھے، جن میں 227 وارڈز کے لیے ووٹنگ کرائی گئی۔ واضح اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی اتحاد یا پارٹی کو کم از کم 114 نشستیں درکار ہیں، جس کے باعث نتائج کو نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے۔