تاثیر 20 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پٹنہ سے تعلق رکھنے والے، سینئر پارٹی لیڈر نتین نوین کو اپنا قومی صدر منتخب کیا ہے۔اس انتخاب کو بی جے پی کی تنظیمی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔یہ تقرری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب پارٹی اپنی تاریخ کی سب سے مضبوط پوزیشن میں ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی متعدد اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا بھی کر رہی ہے۔ نتین نوین، جن کی عمر ابھی تقریباََ 45 سال ہے،، کی یہ ذمہ داری کو تاریخی طور پر دیکھا جائے تو اٹل بہاری واجپائی اور لال کرشن اڈوانی جیسی شخصیات کی ابتدائی قیادت سے ملتی جلتی ہے۔مذکورہ دونوں رہنماؤں نے بھی نسبتاً کم عمری میں ہی پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔ تاہم، آج کا سیاسی منظر نامہ بالکل مختلف ہے، جہاں بی جے پی نہ صرف مرکزی حکومت کی قیادت کر رہی ہے بلکہ متعدد ریاستوں میں بھی بر سر اقتدارہے۔بعض سیاسی تجزیہ کار اس تقرری کو پارٹی کے اندرونی ڈائنامکس، مستقبل کے انتخابات اور عالمی حالات کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔
بی جے پی کی تاریخ بتاتی ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ سے اپنے کارکنوں کو اوپر آنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ نتین نوین کا سیاسی سفر ، اس کی ایک زندہ مثال ہے۔ 2006 میں اپنے والد کی وفات کے بعد وہ سیاست میں داخل ہوئے، اوراب پانچویں بار بہار کی اسمبلی کے رکن ہیں۔ ان کی تنظیمی صلاحیتوں کا مظاہرہ چھتیس گڑھ کے حالیہ انتخابات میں دیکھا گیاتھا۔ ان کی نگرانی میں پارٹی نے حیران کن کامیابی حاصل کی۔ اس طرح کی کارکردگی سے یہ تاثر ملتا ہے کہ بی جے پی میں محنت اور وفاداری کو ترجیح دی جاتی ہے اور عام کارکن بھی اعلیٰ عہدوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ بلا شبہہ اس تقرری سے پارٹی کو ایک تازہ اور متحرک چہرہ ملا ہے۔ نتین نوین میں نوجوان ووٹرز اور علاقائی سطح پر پارٹی کو مزید مضبوط بنا نے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ خاص طور پر بہار جیسی ریاست سے تعلق رکھنے والے لیڈر کی حیثیت سے وہ مشرقی اور شمالی علاقوں میں پارٹی کی توسیع میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ قدم بی جے پی کی اس حکمت عملی کا حصہ بھی لگتا ہے، جس میں مرکزی قیادت اپنے وفاداروں کو آگے بڑھاتی رہی ہے اورجو پارٹی کی داخلی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں حد درجہ معاون ہوتا ہے۔
تاہم، یہ تقرری چیلنجز سے بھری ہوئی بھی ہے۔پارٹی کے صدر کے عہدے کی اہمیت اکثر مرکزی قیادت کے سائے میں کم ہو جاتی ہے، خاص طور پر جب پارٹی اقتدار میں ہو۔ تاریخی طور پر دیکھیں تو واجپائی اور اڈوانی کے دور میں بھی فیصلے مرکزی سطح پر ہوتے تھے، اور آج کے منظر نامے میں بھی یہ طے ہے کہ نریندر مودی اور امت شاہ کی غالب موجودگی اپنی اسی تاریخ کو دہرائے گی۔ اس صورت حال میں نتین نوین کو تال میل کے ساتھ اپنا قدم بڑھانا ہوگا۔ اگرچہ نتین نوین کا پس منظر آر ایس ایس سے براہ راست منسلک نہیں ہے، چنانچہ انھیں سنگھ سے اپنے تعلق کو متوازن رکھنا ہوگا تاکہ پارٹی کی نظریاتی بنیاد مضبوط رہے۔
مستقبل کے انتخابات میں نتین نوین کی قیادت کا اصل امتحان ہونے والا ہے۔ 2026 میں مغربی بنگال، تمل ناڈو، آسام، پڈوچیری اور کیرالہ جیسی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ان ریاستوں میںعلاقائی پارٹیاں اور فرقہ وارانہ عوامل غالب ہیں۔ اس کے علاوہ، 2029 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایسے میں پارٹی کو وہاں کے حالات کے مطابق تیار کرنا نتین نوین کے لئے ایک اہم ٹاسک ہوگا۔ قیادت کی منتقلی کا سوال بھی اہم ہے۔ نریندر مودی کی عمر 2029 تک 80 سال کے قریب ہوجائےگی، اورتب پارٹی میں امت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ جیسے ممکنہ جانشینوں کے درمیان مقابلہ ممکن ہے۔ نتین نوین کو اس داخلی کشمکش کو سنبھالنا ہوگا تاکہ پارٹی متحد رہے۔ تنظیمی سطح پر بھی چیلنجز ہیں، جیسے جنوبی اور مشرقی ریاستوں میں پارٹی کی بنیاد کو مضبوط کرنا، جہاں زبان اور ثقافت کی تنوع ایک رکاوٹ ہے۔ بی جے پی کو علاقائی اور ذات پات پر مبنی پارٹیوں سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے، اور نتین نوین کی بہار کی جڑیں، اس میں مدد دے سکتی ہیں، لیکن یہ کام آسان بھی نہیں ہے۔
مجموعی طور پر، نتین نوین کی تقرری بی جے پی کے لئے ایک متوازن قدم ہے۔یہ قدم در اصل توانائی اور تنظیمی تجربے کو ملا کر آگے بڑھنے کی کوشش ہے۔ یہ قدم پارٹی کی داخلی جمہوریت کو بھی ظاہر کرتا ہے، لیکن مرکزی قیادت کے غلبے اور مستقبل کے چیلنجز سے یہ واضح ہے کہ ان کی کامیابی کا انحصار متوازن فیصلوں پر ہوگا۔ اگر وہ آر ایس ایس، مرکزی قیادت اور علاقائی لیڈروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر سکیں تو بی جے پی کی مضبوطی برقرار رہے گی۔ ورنہ، یہ تقرری محض ایک عبوری مرحلہ ثابت ہو سکتی ہے۔ بھارتی سیاست میں ایسے موڑ اکثر نئی سمت دیتے ہیں، اور نتین نوین کا دور اس کا تعین کرے گا کہ بی جے پی کی کامیابی کی لہر کتنی دیرپا ہوتی ہے اور کتنی دور تک جاتی ہے۔

