ٹرمپ کی جانب سے ڈیووس میں ’امن کونسل‘ کے میثاق پر دستخط کی دعوت

تاثیر 20 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،20جنوری:وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کی پٹی میں ’امن کونسل‘ کے میثاق پر دستخط کرنے کی دعوت کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ یہ عمل آئندہ جمعرات کو ڈیووس فورم کے موقع پر انجام پائے گی۔رپورٹوں کے مطابق کم از کم 60 ممالک کو اس کونسل میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔ تاہم فرانس سمیت بعض ممالک نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اس کونسل کا دائرہ کار صرف غزہ کی پٹی تک محدود نہیں رہے گا اور یہ ممکنہ طور پر اقوام متحدہ کے کردار کو کمزور کر سکتی ہے۔
بلومبرگ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کئی مغربی ممالک غزہ میں امن کونسل کے میثاق کی دفعات میں ترمیم اور ایک متحد رد عمل پر کام کر رہے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ امریکی مسودہ ڈونلڈ ٹرمپ کو بہت وسیع اختیارات فراہم کر دے گا۔ یورپیوں کا خیال ہے کہ ٹرمپ اپنی شرائط اور کونسل میں حاصل اختیارات کے ذریعے ایک ایسی’چھوٹی اقوام متحدہ‘ بنا رہے ہیں جو مکمل طور پر امریکہ کے زیر تسلط ہو گی اور اس میں کوئی بین الاقوامی توازن نہیں ہوگا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) نے پیر کے روز فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے قریبی حلقوں کے حوالے سے بتایا کہ پیرس فی الحال ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ “امن کونسل” میں شمولیت کا ارادہ نہیں رکھتا، کیونکہ یہ کئی بنیادی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ ماکروں کے قریبی ذرائع نے اشارہ دیا کہ اس اقدام کا “میثاق” ابتدائی توقعات کے برعکس صرف غزہ کی پٹی کے معاملے سے کہیں آگے تک پھیلا ہوا ہے۔