کرلی کوٹ اور گلگلیہ تھانہ میں پولیس–پبلک مکالمہ نشست، ایس پی نے سائبر فراڈ اور سڑک تحفظ کے حوالے سے کیا بیدار

تاثیر 21 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
کشن گنج ضلع کے کرلی کوٹ اور گلگلیہ تھانہ احاطہ میں کشن گنج پولیس کی جانب سے عوامی سماعت اور پولیس–پبلک مکالمہ نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں پولیس سپرنٹنڈنٹ سنتوش کمار (آئی پی ایس) بذاتِ خود موجود رہے اور عوام سے براہِ راست گفتگو کی۔ ایس پی سنتوش کمار نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی پرورش پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ہاتھ میں موبائل، اچھے کپڑے اور خرچ کے پیسے کہاں سے آ رہے ہیں، اس پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ آج کے دور میں بچے سائبر فراڈ اور ویڈیو کال کے ذریعے ہونے والی دھوکہ دہی کا شکار ہو رہے ہیں۔ اگر کسی کو مشتبہ سائبر کال آئے تو فوراً مقامی تھانہ کو اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت سے کمائی گئی رقم ہی اصل کمائی ہوتی ہے، جبکہ سائبر فراڈ سے کمائی گئی رقم جرم کی طرف لے جاتی ہے۔ کچھ گروہ بچوں کو لالچ دے کر باہر لے جاتے ہیں اور ان سے سائبر فراڈ کرواتے ہیں۔ سرکاری اسکیموں کا جھانسا دے کر دھوکہ دہی کی جاتی ہے، اس لیے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ایس پی نے ضلع کی گنگا-جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سبھی لوگ آپسی بھائی چارے کے ساتھ تہوار منائیں۔ ساتھ ہی سڑک حادثات سے بچاؤ کے لیے انہوں نے لوگوں سے گھر سے نکلتے وقت ہیلمٹ پہننے اور معیاری ہیلمٹ خریدنے کی اپیل کی۔اس دوران ایس پی نے تھانہ انچارجوں کو ہدایت دی کہ تھانہ احاطہ کی صفائی ستھرائی برقرار رکھیں اور عوام کی ہر مسئلہ کو سنجیدگی سے سنیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے اور عوام کے تعاون سے پولیس نظام مزید مضبوط ہوتا ہے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔