تاثیر 21 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ ( محمد مصطفی)پرائمری زرعی کریڈٹ سوسائٹی (پیکس) کے انتخابات کو لے کر نامزدگی کا عمل بدھ سے بلاک دفتر میں شروع ہو گیا۔ مقامی بلاک کے رام پورہ، بھرا ٹھی اور نستہ پیکس و انتظامیہ کمیٹی کے اراکین کا انتخاب ہونا ہے۔ دو روزہ نامزدگی کے پہلے دن رام پورہ پیکس صدر کے عہدے کے لیے منّا کمار چوبے نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے انتظامیہ کمیٹی کے رکن کے عہدے کے لیے راج دھر جھا، گوری شنکر جھا، کالی کانت جھا، منجو دیوی، ریکھا دیوی، پسماندہ طبقہ سے فودار یادو، انتہائی پسماندہ طبقہ سے ارجن سہنی، اور ایس سی طبقہ سے لال سدا نے نامزدگی کی ہے۔ بلاک ڈویلپمنٹ افسر و انتخابی افسر وکرم بھاسکر کے سامنے نامزدگی کے کاغذات کی کارروائی مکمل کی گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رام پورہ پیکس صدر اور عاملہ کمیٹی کے عہدوں پر بلامقابلہ انتخاب مکمل ہوگا اور محض رسمی اعلان کیا جائے گا۔ بھرا ٹھی پیکس سے سبکدوش ہونے والے صدر منوج کمار سنگھ نے نامزدگی فارم بھرا ہے۔ نستہ پیکس سے پہلے دن کسی امیدوار نے نامزدگی نہیں کی ہے۔
نامزدگی کے بعد پیکس صدر اور انتظامیہ کمیٹی کے رکن امیدواروں کے ساتھ پہنچے حامیوں کی بھیڑ نے رنگ و گلال کے ساتھ پھول نچھاور کر کے مبارکباد دی۔ اس موقع پر ضلع پریشد اوم پرکاش ٹھاکر، مکھیا پپو چودھری، جے ڈی یو ضلع جنرل سکریٹری انل مشرا، پرمکھ نمائندہ منی کانت جھا، سبکدوش پرنسپل لکشمیشور چوبے، گنیش چوبے، جناردن تیواری، لال پانڈے، سنیل رام نے پُرجوش انداز میں خیرمقدم کیا۔ ادھر بھراٹھی پیکس کے سبکدوش صدر منوج سنگھ کے حامی ٹرانسپورٹر راجیش سنگھ، رام کمل سنگھ، راجیش رام، بھا جیومو صدر جٹا شنکر سنگھ، امیش سنگھ، راجیو سنگھ، رمیش سنگھ، پروین سنگھ، لکشمی مہتو، بنود رام وغیرہ موجود تھے۔

