تاثیر 24 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 جنوری : مغربی ضلع کی سائبر تھانہ پولیس نے فاسٹگ اور امیزن گفٹ کارڈز کے ذریعے فراڈ کرنے والے ایک بین ریاستی گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ راجستھان کے سری گنگا نگر ضلع میں پولیس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں الیکٹرانک آلات، سم کارڈز اور بینکنگ دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس داراڈے شرد بھاسکر نے ہفتے کے روز بتایا کہ مغربی ضلع سائبر پولیس اسٹیشن کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں متاثرہ شخص نے بتایا کہ اس کے واٹس ایپ پر ایک ای- چالان کا پیغام موصول ہوا تھا، جس میں اے پی کے فائل منسلک تھی۔ فائل کھولنے پر، اس کا موبائل فون ہیک ہو گیا اور اس کے کریڈٹ کارڈ سے دھوکہ دہی سے 1 لاکھ سے زیادہ کٹ گئے۔ چونکہ رقم 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی، اس لیے شکایت خود بخود ای-ایف آئی آر میں تبدیل ہو گئی اور تحقیقات شروع کر دی گئی۔

