صدر مرمو نے بجنور کے ڈی ایم کو قومی ووٹر ڈے پر، ایس آئی آر میں ان کے بہترین کام کے لیے اعزاز سے نوازا

تاثیر 25 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بجنور، 25 جنوری:صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے آج قومی یوم رائے دہندگان کے موقع پر دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں اتر پردیش کے بجنور کی ضلع مجسٹریٹ جسجیت کور کو اعزاز سے نوازا۔ ضلع مجسٹریٹ کو بجنور میں اسپیشل انٹینسیو ووٹر ریویڑن (ایس آئی آر) کے تحت ووٹر لسٹ کی درستگی، شفافیت اور موثر نفاذ کو یقینی بنانے میں ان کے شاندار کام کے لیے یہ ایوارڈ دیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ملنے والے ایوارڈ پر بات کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ جسجیت کور نے کہا کہ یہ ایوارڈ ٹریننگ اور کیپیسٹی بلڈنگ کے زمرے میں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بی ایل او کی سطح پر ایک کثیر سطحی اور مسلسل نظام تیار کیا اور بوتھ لیول افسران کو تازہ ترین ہدایات کے مطابق تربیت دی۔ ٹریننگ کے دوران ہم نے تمام بی ایل او کے لیے اجتماعی طور پر تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کیا اور چھوٹے گروپس میں ٹریننگ بھی کروائی تاکہ ٹیسٹ کے دوران کسی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ ٹریننگ کے بعد بی ایل اوز کا بھی ٹیسٹ کیا گیا اور اس کے بعد اگر کوئی کمی پائی گئی تو انہیں دوبارہ ٹریننگ دی گئی۔
ضلع مجسٹریٹ جسجیت کور نے کہا کہ کمیشن کے رہنما خطوط کے مطابق مسلسل مائیکرو پلاننگ، روزانہ کی نگرانی، فیلڈ سطح پر مسائل کے حل اور بوتھ لیول افسران کے کام کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے باقاعدہ رہنمائی اور فیڈ بیک کو یقینی بنایا گیا، جس کی وجہ سے فیلڈ میں کسی کو بھی پریشانی کی صورت میں رہنمائی فراہم کی گئی۔