تاثیر 25 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد 25 جنوری :تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے نامپلی اسٹیشن روڈ پر فرنیچر کی دکان میں آگ لگنے سے ایک خاتون اور دو بچوں سمیت پانچ افراد کی موت ہوگئی۔ حادثہ ہندی پرچار سبھا بھون کے قریب سائی وشواس چیمبرس کی پانچ منزلہ عمارت میں پیش آیا، جہاں “بچس” نامی فرنیچر کی دکان چلتی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ہفتہ کی دوپہر دکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ تیزی سے بڑھ گئی، شعلوں سے دھواں اٹھنے لگا، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد عمارت کے اندر متعدد افراد پھنس گئے تھے۔ ریسکیو آپریشن 21 گھنٹے کے مسلسل آپریشن کے بعد اتوار کو ختم ہوا تاہم پھنسے پانچ افراد کو نہیں نکالا جا سکا۔
اتوار کی صبح عمارت کے تہہ خانے سے پانچ لاشیں برآمد ہوئیں۔ مرنے والوں کی شناخت دو بچوں پرنیت اور اکھل، ایک خاتون بی بی اور دو دیگر امتیاز اور حبیب کے نام سے ہوئی ہے۔ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

